ممبئی: ممبئی کی چھ مساجد نے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر عائد پابندیوں کے بعد ایک ایسے موبائل فون ایپلی کیشن پر رجسٹریشن کروایا ہے جو مسلمانوں کو اذان کے وقت مطلع کرتا ہے۔ آن لائن اذان، نامی یہ ایپ تمل ناڈو کی ایک کمپنی نے تیار کیا ہے۔
ماہم جمعہ مسجد کے متولی فہاد خلیل پٹھان نے کو بتایا کہ نماز کے لیے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال سے متعلق پابندیوں اور حساس معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ موبائل ایپ مقامی مساجد کو نمازیوں سے براہِ راست جوڑنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان اور اُن مواقع پر جب عوامی پابندیاں ہوتی ہیں، یہ ایپ گھروں میں اذان سننے میں مدد دیتا ہے۔
پٹھان نے بتایا، یہ قدم لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پولیس کی سختی کے بعد اُٹھایا گیا۔ پولیس نے جمعہ مسجد کا دورہ کر کے خبردار کیا تھا کہ اگر لاؤڈ اسپیکر استعمال کیا گیا تو کارروائی کی جائے گی، جس کے بعد مسجد نے عارضی طور پر لاؤڈ اسپیکر بند کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ماہم علاقے کی جمعہ مسجد نے اذان کی روایت کو جاری رکھنے کے لیے اس ایپ کو اختیار کیا ہے، خاص طور پر بزرگوں اور مسجد کے آس پاس رہنے والے افراد کے لیے۔ یہ ایپ تمل ناڈو کے تِرونیل ویلی کے آئی ٹی پروفیشنلز کی ایک ٹیم کی تکنیکی مدد سے تیار کی گئی ہے اور اب اینڈرائیڈ اور آئی فون دونوں پر دستیاب ہے۔
یہ ایپ موبائل فون کے ذریعے اُسی وقت اذان کی آواز چلاتا ہے جب مسجد سے براہِ راست اذان دی جاتی ہے۔ پٹھان نے کہا کہ وہ نمازی جو لاؤڈ اسپیکر کی پابندی کی وجہ سے اذان نہیں سن سکتے، اب اس ایپ کے ذریعے وقت پر اذان سن سکتے ہیں۔ نمازیوں نے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اب لاؤڈ اسپیکر بند ہونے پر بھی وہ اپنے موبائل فون سے قریبی مسجد کی اذان سن سکتے ہیں۔
پٹھان نے کہا، ہم نے تصادم کی راہ چھوڑ کر جدت کا راستہ اختیار کیا۔ اب مسلم برادری کے لوگ اذان کے وقت سے جڑے رہ سکتے ہیں۔ صرف تین دن میں ہماری مسجد کے آس پاس کے 500 افراد نے اس ایپ پر رجسٹریشن کر لیا ہے۔ ممبئی کی کل چھ مساجد نے اس ایپ میں رجسٹریشن کروایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا، یہ واضح کرنا ضروری ہے کہ ممبئی ہائی کورٹ نے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کا حکم نہیں دیا ہے بلکہ آواز کی حد مقرر کی ہے — دن میں 55 ڈیسیبل اور رات میں 45 ڈیسیبل۔ اسی تناظر میں اور پولیس کی درخواست پر ہم نے رضاکارانہ طور پر لاؤڈ اسپیکر کا استعمال بند کر دیا ہے اور رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے اب باکس اسپیکر استعمال کر رہے ہیں۔
‘آن لائن اذان’ کے شریک بانی محمد علی نے بتایا کہ تمل ناڈو میں 250 مساجد اس ایپ سے منسلک ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی ایک درخواست فارم، مسجد کا ایڈریس پروف، اور اذان دینے والے شخص کا آدھار کارڈ مانگتی ہے۔ کانگریس کی ممبئی یونٹ کے جنرل سیکریٹری آصف فاروقی نے مساجد کی جانب سے نئی ٹیکنالوجی اپنانے کے اقدام کا خیرمقدم کیا۔
کانگریس رہنما نے کہا، ’’زیادہ لوگوں تک پہنچنے کے لیے لاؤڈ اسپیکر صرف ایک ذریعہ ہے۔ اصل اہمیت نماز کی ہے، لاؤڈ اسپیکر کی نہیں۔ اذان دینے کے کئی طریقے ہو سکتے ہیں، اور یہ خوش آئند ہے کہ مساجد جدت اپنا رہی ہیں۔‘
‘ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما کیرت سومیا ممبئی میں مساجد پر لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ سابق رکنِ پارلیمان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی مہم کے نتیجے میں ممبئی میں بغیر اجازت کے استعمال ہونے والے 1,500 لاؤڈ اسپیکر ہٹا دیے گئے ہیں۔